وائس چانسلر اُردو یونیورسٹی کی ڈگری منسوخی پر سنڈیکیٹ میں اختلاف

  • April 22, 2017 2:21 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

کراچی یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ کے اجلاس میں چار ممبران نے وفاقی اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کی پی ایچ ڈی کی ڈگری منسوخ کرنے کے معاملے پر اختلافی نوٹ جمع کرا دیا ہے۔

اس اختلافی نوٹ کے بعد اُن کی ڈگری منسوخی کا معاملہ متنازع ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ قوی امکان ہے کہ سنڈیکیٹ کے مزید دو ممبران آئندہ چند روز میں اپنا اختلافی نوٹ جمع کرا دیں گے جس کے بعد پورا معاملہ ہی تبدیل ہو جائے گا کیونکہ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں 10 ممبران نے شرکت کی تھی جن میں سے چار ممبران نے اختلافی نوٹ جمع کرا دیا ہے۔

سنڈیکیٹ کے ممبران ڈاکٹر جمیل کاظمی، ڈاکٹر حارث شعیب، ڈاکٹر ندیم احمد خان اور ڈاکٹر معیز خان نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں طے شدہ طریقہ کار نہیں اپنایا گیا اور علمی سرقہ سے متعلق سب کمیٹی کی رپورٹ کو نظر انداز کیا گیا ہے جو ایجنڈے پر موجود تھی۔

اس کے برعکس ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رپورٹ پیش کر دی گئی ہے۔ یہ رپورٹ سنڈیکیٹ ممبران میں تقسیم بھی نہیں کی گئی اور نہ ہی ایجنڈے میں تھی۔ ان ممبران نے موقف اپنایا ہے کہ اس طرح کا اقدام اساتذہ برادری کے لیے خطرناک ہوگا اور اس سے سنڈیکیٹ کی اہمیت کم ہو جائے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *