محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے سٹور روم میں پڑے ہزاروں لیپ ٹاپ خراب

  • June 1, 2017 1:46 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

محکمہ ہائر ایجوکیشن کی ناقص حکمت عملی سے حقداروں کو لیپ ٹاپ نہ ملے مگر سٹور روم میں پڑے 15 کروڑ سے زائد مالیت کے ہزاروں لیپ ٹاپ خراب ہو گئے۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے پاس 2014 کے 8 ہزار لیپ ٹاپ سٹور روم میں موجود ہیں۔ حکومت کی جانب سے لیپ ٹاپ کی پالیسی وضع نہ ہونے کے باعث سال 2015 اور سال 2016 میں لیپ ٹاپس تقسیم نہیں کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ہائرایجوکیشن کی جانب سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ای روزگار سکیم کے لئے مذکورہ لیپ ٹاپ لینے کی پیشکش کی گئی تاہم پی آئی ٹی بی کی جانب سے چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ ان میں سے 3600 لیپ ٹاپس کی بیٹریاں خراب اور لیپ ٹاپ آؤٹ ڈیٹڈ ہو چکے ہیں۔

لیپ ٹاپ خراب ہونے کی بناء پر پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے انہیں وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ ہائرایجوکیشن کی جانب سے پی آئی ٹی بی کو فنڈز سے لیپ ٹاپس مرمت کرانے کی درخواست کی گئی مگر پی آئی ٹی بی نے فنڈز کی کمی کے باعث معذرت کرلی۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کو ان لیپ ٹاپ کو ٹھیک کرانے کے لیے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے خرچ کرنا ہوں گے جس کے لیے ضوابط کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب سے منظوری لینا ہوگی۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے دو ہزار چودہ ایک لاکھ پچیس ہزار لیپ ٹاپ طلباء میں تقسیم کرنے کے لیے منگوائے تھے۔

وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بورڈ کے ساتھ اس معاملے پر معاملہ طے ہوگیا ہے اور یہ لیپ ٹاپ بورڈ کے حوالے کیے جارہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *