پنجاب: سرکاری سکولوں میں سائنس و آرٹس کلب بنانے کا فیصلہ

  • October 4, 2017 11:16 am PST
taleemizavia single page

لاہور

پنجاب کے سرکاری سکولز میں سائنس اور آرٹس کے کلب بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صوبے کے سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولز میں سائنس و آرٹس کے اساتذہ اور طلباء ان کلبز کا حصہ ہوں گے۔

اس ضمن میں وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خان کی ہدایات پر ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز سیکنڈری ایجوکیشن پنجاب نے مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

اس مراسلے کے مطابق ہر ضلع کے سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں سائنس کلب اور آرٹس اینڈ کرافٹس کلب بنائے جائیں گے ۔ سائنس کلب میں سینئر سائنس ٹیچر، لیب اسسٹنٹ اور تین سائنس کے طلباء مستقل ممبر ہوں گے۔

آرٹس اینڈ کرافٹس کلب میں ڈرائنگ ٹیچر بطور سربراہ اور تین آرٹس کے طلباء ممبران ہوں گے۔

تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے ضلع سے دو سینئر اساتذہ کے نام فوری طور پر ڈی پی آئی سکولز کو ارسال کریں۔ یہ اساتذہ بطور ماسٹر ٹرینر منتخب ہوں گے جن کی ٹریننگ کرائی جائے گی جس کے بعد یہ اساتذہ اپنے اضلاع میں دیگر اساتذہ کو تربیت دیں گے۔

وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خان نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئ بتایا کہ سرکاری سکولز میں ہم نصابی سرگرمیوں کا رجحان کم ہوگیا ہے جسے بحال کرنے کے لیے یہ اقدام اُٹھایا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس سے پہلے سکولز میں بزم ادب کے پروگرامز کو بھی بحال کر دیا گیا ہے۔

اُن کے مطابق سکولوں کی سطح پر ان کلبز کو بنانے کا مقصد طلباء وطالبات کے درمیان سائنس و آرٹس کے مقابلہ جات منعقد کرانا ہے۔ یہ کلب آئندہ مہینے ہر سکول میں فعال ہو جائیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *