کیا پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی الیکشن متنازعہ ہوگئے؟

  • March 12, 2018 11:12 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے سالانہ الیکشن برائے 2018 کے انعقاد سے پہلے ہی نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے دو ممبران نے نئے عہدیداروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

اس نوٹیفکیشن میں اے ایس اے کا نیا صدر ڈاکٹر محبوب حسین جبکہ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر اظہر نعیم بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔

اس نوٹیفکیشن پر الیکشن کمیشن کے ممبر ڈاکٹر شکیل احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ایکٹ کے تحت الیکشن کمیشن کی تشکیل اور شیڈول جاری ہونے کے بعد صدر کو اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ کمیشن کو تحلیل کر کے نیا شیڈول جاری کرے، ان کے مطابق یہ الیکشن کو ثبوتاژ کرنے اور قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

شیڈول کے مطابق اے ایس اے کے الیکشن کل تیرہ مارچ کو منعقد ہونا تھے تاہم دو دن قبل ہی اے ایس اے کے صدر جاوید سمیع نے الیکشن کمیشن کو کام کرنے سے روک دیا اور الیکشن کا نیا شیڈول جاری کر دیا جس کے تحت اب یہ الیکشن دس اپریل کو منعقد ہوں گے۔

تیچرز فرنٹ اکیڈمک الائنس نے اے ایس اے کی سابق باڈی کی جانب سے الیکشن شیڈول میں تبدیلی کو غیر قانونی و غیر آئینی قرار دیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے آئین 15 مارچ 2017ء کے الیکشن رولز کی شق نمبر دو کے تحت انتخابات ہر سال دسمبر میں کرانا لازمی ہوں گے جبکہ شق تین کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن تشکیل دے گا اور شق چار کے تحت الیکشن کمیشن اے ایس اے کے انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہوگا۔

الیکشن رولز کے مطابق کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری ہونے کے بعد اس میں ترمیم اور رد وبدل نہیں کیا جاسکتا۔

ٹیچرز فرنٹ اکیڈمک الائنس کا موقف ہے کہ جاوید سمیع نے غیر قانونی طور پر الیکشن سے دو دن قبل کمیشن کو کام کرنے سے روکا اور ممبران سے زبردستی استعفیٰ بھی لیے گئے جو کہ غیر آئینی اقدام ہے۔ ٹیچرز فرنٹ اکیڈمک الائنس نے اعلان کیا ہے کہ دس اپریل کو الیکشن ہوئے تو وہ عدالت سے رجوع کریں گے۔

اے ایس اے کے سابق صدر جاوید سمیع کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق وہ الیکشن کرانے کے مجاز ہیں اور نیا الیکشن کمیشن تشکیل دے دیاگیا ہے جس کی نگرانی میں الیکشن دس اپریل کو ہوں گے۔

اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کے دو دھڑوں میں تقسیم ہو جانے کے بعد یونیورسٹی اساتذہ تذبذب کا شکار ہیں جبکہ نو منتخب صدر ڈاکٹر محبوب حسین کا کہنا ہے کہ وہ جنرل باڈی کا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کریں گے اور نئی باڈی قانونی حیثیت رکھتی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *