پنجاب میں انٹرمیڈیٹ میں طلباء کیلئے تین نئے گروپس کا اضافہ

  • December 16, 2017 11:42 am PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بُک بورڈ نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز میں انٹرمیڈیٹ کی سطح پر تین نئے گروپس متعارف کرانے کی منظوری دے دی ہے۔

انٹرمیڈیٹ کی سطح پر طلباء کو فائن آرٹس، میڈیکل ٹیکنالوجیز اور انجینئرنگ ٹیکنالوجیز کے کورسز بھی پڑھائے جائیں گے۔ طلباء اب پری انجینئرنگ اور پری میڈیکل کے ساتھ دو نئے سائنسی گروپس میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکیں گے۔

میڈیکل ٹیکنالوجیز کے نئے گروپ میں فارماسیوٹیکل ٹیکنالوجی، لیبارٹری ٹیکنالوجی، فزیو تھراپی ٹیکنالوجی، بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی کے مضامین پڑھائے جائیں گے۔

انجینئرنگ ٹیکنالوجیز کے گروپ میں کیمیکل ٹیکنالوجی، ایگریکلچر ٹیکنالوجی، انرجی ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مضامین کو شامل کیا گیا ہے۔

انٹرمیڈیٹ کی سطح پر فائن آرٹس کے گروپ میں آٹھ مضامین رکھے گئے ہیں۔ ان مضامین میں مینی ایچر پینٹنگ، ویژول آرٹس، کیلی گرافی اینڈ نقاشی، سرامکس، کمپیوٹر ڈیزائننگ، ایڈورٹائزنگ، پرنٹنگ اینڈ پبلشنگ، ڈرائنگ، سکیچنگ اینڈ پینٹنگ شامل ہیں۔

تینوں گروپ میں طلباء کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ 200 نمبرز کے مضامین کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بُک بورڈ کے اجلاس میں ان تین نئے گروپس کی باقاعدہ طور پر منظوری دے دی گئی ہے جبکہ ان نئے گروپس کی حتمی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف سے حاصل کی جائے گی۔

چیئرمین بورڈ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم خاں کا کہنا ہے کہ ان نئے گروپس کی شمولیت سے انٹرمیڈیٹ کی سطح کے کورسز کو جدید طرز پر لایا جائے گا اور ان مضامین کے لیے سلیبس کی تیاری پر بھی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ سرکاری و پرائیویٹ کالجوں کے طلباء کو یہ مضامین پڑھانے کے لیے باقاعدہ طور پر درسی کتب تیار کی جائیں گی اور اس کے لیے یونیورسٹی کی سطح کے پروفیسرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔

نئے گروپس کا نفاذ تعلیمی سال 2019ء سے کیے جانے کا امکان ہے۔


  1. آج تک کمپیوٹر کے ٹیچر پورے نہیں ہوے ان مضامین کے تو سو سال تک نہیں ہوں گے

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *