پاکستان کا پہلا منفرد مقامی پوسٹ ڈاکٹورل پروگرام لانچ کر دیا گیا

  • November 21, 2017 7:06 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے پاکستان کا پہلا لوکل پوسٹ ڈاکٹریٹ فیلو شپ پروگرام لانچ کر دیا، پی ایچ ڈی اساتذہ پنجاب کی کسی بھی سرکاری یونیورسٹی میں نو مہینے کے پوسٹ ڈاکٹریٹ پروگرام میں داخلہ لے سکتے ہیں۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملکی سطح پر پہلا پوسٹ ڈاکٹرل فیلوشپ پروگرام متعارف کروا دیا۔ یہ پروگرام سرکاری جامعات او ر کالجز کے اساتذہ کے لیے ملکی سطح پر پہلا پوسٹ ڈاکٹرل فیلوشپ پروگرام ہے جس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے اساتذہ مقامی سطح پر ہی دوسری جامعات اور تحقیقی مراکز میں جاکر تحقیقی سر گرمیاں سر انجام دیں گے۔

پوسٹ ڈاکٹورل پروگرام کی منظوری پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں چیئرپرسن پروفیسر محمد نظام الدین، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن بیرسٹر نبیل اعوان، ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی، ایم پی اے محترمہ فرحانہ افضل، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، پروفیسر ڈاکٹر نجمہ نجم، ڈاکٹر عرفانہ مریم، پروفیسر ڈاکٹر خلیق الر حمان نے شرکت کی۔

چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر نظام الدین کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے سے یونیورسٹیز کالجز کی خواتین اساتذہ کو داخلہ لینے کا موقع ملے گا، اُن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا پروگرام ہے۔ اس سے پہلے یونیورسٹیوں کے اساتذہ کو بیرون ممالک پوسٹ ڈاکٹورل ڈگری کے لیے جانا پڑتا تھا۔

ڈاکٹر نظام الدین کا کہنا ہے کہ پنجاب کی مقامی یونیورسٹیوں میں اس پروگرام کے لیے ماہر ترین اساتذہ پر مشتمل پینل بنایا جائے گا جو پوسٹ ڈاکٹریٹ کو پڑھائیں گے۔ یہ پروگرام نو مہینے کی مدت پر مشتمل ہوگا جس کے لیے تمام تر فنڈنگ پی ایچ ای سی کی جانب سے کی جائے گی۔

یہ پراجیکٹ پی ایچ ای سی کے ریسرچ اینڈ اکیڈمک ڈویژن کی نگرانی میں شروع کیا جارہا ہے۔ اس ڈویژن کے ڈائریکٹر جنر ڈاکٹر شاہد سرویا نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس پراجیکٹ سے پوسٹ ڈاکٹریٹ کی سطح پر بھی تحقیق کو فروغ ملے گا اور ان ریسرچ پراجیکٹس کے ذریعے سے اساتذہ کی تحقیقی و علمی صلاحیت میں مزید اضافہ ہوگا۔

اُنہوں نے بتایا کہ اس پراجیکٹ کے پہلے فیز میں یونیورسٹی اساتذہ اور دوسرے فیز میں کالج اساتذہ کو منتخب کیا جائے گا۔

پی ایچ ای سی پنجاب میں پوسٹ ڈاکٹورل پروگرام کے لیے یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔اس پروگرام میں صرف وہی اساتذہ داخلہ لینے کے اہل ہوں گے جو کسی بھی سرکاری یونیورسٹی میں پانچ سال سے ریگولر اُستاد ہوں گے۔

  1. Why college teachers are being neglected by phec even in thematic research grants.and nw in post doc.indigneous

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *