نئی کابینہ میں برطانوی و امریکی گریجویٹس شامل، باقی وزراء کی تعلیم؟

  • August 4, 2017 4:13 pm PST
taleemizavia single page

تعلیمی زاویہ خصوصی رپورٹ

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو نااہل قرار دینے کے بعد وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے بطور وزیر اعظم کا حلف اُٹھایا جس کے بعد نئی کابینہ تشکیل دی گئی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان کی نئِ وفاقی کابینہ سے آج صدر پاکستان سید ممنون حسین نے عہدوں کا حلف لے لیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کیلیفورنیا یونیورسٹی امریکہ اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی امریکہ سے الیکڑیکل انجینئرنگ کے مضمون میں گریجویشن اور ماسٹرز کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

نئی کابینہ میں اسحاق ڈار کے پاس پہلے کی طرح وزیر خزانہ کا قلمدان ہے۔ اسحاق ڈار نے پنجاب یونیورسٹی لاہور کے ہیل کالج سے بی کام کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ انسٹیٹیوٹ آف چارٹرڈ اکاونٹنٹس برطانیہ کی ایسوسی ایٹ ممبر شپ ملی جہاں اُنہوں نے چارٹرڈ اکاونٹینسی کا سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

کابینہ میں شامل خواجہ محمد آصف کو وزیر خارجہ کا قلمدان سونپا گیا ہے اس سے پہلے وہ وزیر دفاع کے منصب پر فائز تھے۔ خواجہ آصف نے کیڈٹ کالج حسن ابدال سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن اور پحر یونیورسٹی لاء کالج لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

کابینہ میں اب وزیر داخلہ کا قلمدان احسن اقبال کے حوالے کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے میکنیکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی اور پھر بعد میں یونیورسٹی آف پینسیلوانیا کے واہرٹن سکول سے ایم بی اے کیا۔

یہ بھی پڑھیں؛ پنجاب اسمبلی میں کتنے بی اے پاس اور کتنے میڑک؟

نئی وفاقی کابینہ میں خرم دستگیر کو اب وزارت دفاع سونپی گئی ہے۔ خرم دستگیر نے سینٹ جوزف ہائی سکول گجرانوالہ اور کیڈٹ کالج حسن ابدال سے ڈگری حاصل کی جس کے بعد انہوں نے باوڈن کالج سے اکنامکس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

سعد رفیق کے پاس اب بھی ریلوے کی وزارت ہے۔ سعد رفیق نے گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ لیا تھا جہاں پر اُستاد کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے جرُم میں وہاں سے نکال دیا تھا جس کے بعد اُنہوں نے ایم اے او کالج میں داخلہ لیا۔ اُنہوں نے پہلے بی اے سیاسیات اور پھر پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے سیاسیات کی ڈگری حاصل کی۔

وزیر ہاوسنگ اکرم دُرانی نے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے جبکہ وزیر برائے صوبائی ہم آہنگی ریاض حسین پیرزادہ نے یونیورسٹی لاء کالج لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

وزیر ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ بلیغ الرحمن نے صادق پبلک سکول بہاولپور سے ابتدائی تعلیم حاصل کی ہے جس کے بعد انہوں نے یونیورسٹی آف پینسیلوانیا امریکہ سے الیکڑیکل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی ہے۔

وفاقی وزیر موسمیات مشاہد اللہ خان نے اسلامیہ ہائی سکول راولپنڈی سے ابتدائی تعلیم حاصل کی جس کے بعد اُنہوں نے اُردو لاء کالج جامعہ کراچی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی ہے۔

کابینہ میں طلال چوہدری کو بھی وزارت دی گئی ہے۔ طلال چوہدری نے ایل ایل بی اور ایم بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

کابینہ میں شامل وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کیمونیکیشنز انوشہ رحمان نے یونیورسٹی کالج لندن سے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

کابینہ میں شامل طارق افضل چوہدری نے ایف جی سر سید کالج مال روڈ راولپنڈی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد راولپنڈی میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کی۔ اُنہوں نے سی ایس ایس کا امتحان بھی پاس کر رکھا ہے۔

کابینہ میں شامل زاہد حامد نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد وہ اُنہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے فلسفہ میں بی اے آنرز کی ڈگری حاصل کی۔

مریم اورنگزیب نے فیڈرل گورنمنٹ کالج اسلام آباد سے گریجویشن مکمل کی جس کے بعد انہوں نے قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے ایم اے اکنامکس کی ڈگری حاصل کی۔ اُنہوں نے کنگ کالج لندن سے اینوائرنمنٹل اینڈ ڈویلپمنٹ پالیسی میں ایم اے بھی کر رکھا ہے۔

نئی وفاقی کابینہ میں شامل صلاح الدین ترمزی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے سے ریٹائرڈ ہیں جبکہ وزیر سیفران عبد القادر بلوچ بلوچستان کے سابق مارشل لاء ایڈمنسٹریٹر اور ریٹائرڈ آرمی آفیسر ہیں۔

وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے یونیورسٹی لاء کالج لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

وزیر برائے اقلیتی امور کامران مائیکل نے پنجاب یونیورسٹی سے پرائیویٹ اُمیدوار کے طور پر بی اے کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

کابینہ میں شامل ہونے والے نئے وزیر برائے کامرس محمد پرویز ملک نے برطانیہ کی آسٹن یونیورسٹی سے انجینئرنگ میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

وفاقی وزیر رانا تنویرحسین نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم اے اکنامکس اور ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

کابینہ میں شامل ممتاز احمد تارڑ نے پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

کابینہ میں شامل چوہدری محمد برجیس طاہر نے بھی پنجاب یونیورسٹی سے سیاسیات میں ماسٹر اور ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

سابق صدر پاکستان فاروق احمد لغاری کے بیٹے اویس لغاری بھی نئی وفاقی کابینہ میں شامل ہیں۔ اویس لغاری نے ایچی سن کالج لاہور سے انٹرمیڈیٹ کرنے کے بعد اعلی تعلیم امریکہ سے حاصل کی اور وہ یونیورسٹی آف روچسٹر امریکہ سے گریجویٹ ہوئے ہیں۔

کابینہ میں شامل نئے وزیر عثمان ابراہیم نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کرنے کے بعد یونیورسٹی لاء کالج لاہور سے ایل ایل بی اور پھر لنکنز ان برطانیہ سے بیرسٹر ایٹ لاء مکمل کیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *