نالندہ یونیورسٹی کا بھارتی حکومت سے تنازعہ،بورڈ تحلیل

  • December 17, 2016 7:34 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

نالندہ یونیورسٹی کے بورڈ آف گورنرز سے نوبل لاریٹ امریتا سین کے استعفیٰ کے بعد یونیورسٹی میں جاری انٹرنیشنل پراجیکٹ خطرے میں پڑ گیا ہے۔ امریتا سین کے چانسلر کو استعفیٰ جمع کرانے کے بعد سنگا پور کے جارج یو نے یونیورسٹی میں جاری اہم منصوبہ کو ادھورا ہی چھوڑ دیا ہے۔

جارج یو سنگا پور کے سابق وزیر خارجہ ہیں جو نالندہ یونیورسٹی کے پراجیکٹ میں دو ہزار سات سے کام کر رہے ہیں اُنہوں نے اپنے استعفیٰ کی وجہ میں بتایا کہ امریتا سین کے بعد اُنہوں نے یہ استعفیٰ بھارتی حکومت کی نالندہ یونیورسٹی میں مداخلت کے باعث دیا۔

نالندہ یونیورسٹی کے بورڈ نے نئے وائس چانسلر کی تعیناتی بھی کرنا تھی تاہم پانچ سال سے تعینات موجودہ وائس چانسلر گوپا سبھروال کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کر دی گئی ہے۔ حکومت کی خود مختار نالندہ یونیورسٹی کے بورڈ میں مداخلت کے بعد اسے تحلیل کر دیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان ویکاس سوارپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نالندہ یونیورسٹی کے دو ہزار دس کے ایکٹ کے مطابق گورننگ باڈی تین سال کے لیے قائم کی جاتی ہے تاہم موجودہ گورننگ باڈی نو سال سے کام کر رہی تھی اس لیے حکومت نے مداخلت کر کے اس کے بورڈ کو قانون کے مطابق تحلیل کر دیا ہے۔

نالندہ یونیورسٹی کا یہ بورڈ دو ہزار سات میں قائم کیا گیا تھا تاہم یونیورسٹٰی کا آغاز دو ہزار دس میں ہوا، بھارتی حکومت اور بورڈ کے درمیان تنازعہ کی وجہ سے نالندہ یونیورسٹی بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

نالندہ یونیورسٹی بہار میں راج گڑھ میں واقع ہے یہ بھارت کی پہلی انٹرنیشنل یونیورسٹی ہے جس میں غیر ملکیوں کو بھی بورڈ کا ممبر بنایا گیا۔

انٹرنیشنل بورڈ ممبران میں نیشنل یونیورسٹی سنگا پور کے پروفیسر وانگ گونگ وو، لندن سکول آف اکنامکس کے سابق پروفیسر میگھند دیسائی، تھائی لینڈ، جاپان، امریکہ سے بھی پروفیسرز بورڈ کا حصہ ہیں تاہم بھارتی حکومت چین اور آسٹریلیا سے بھی بورڈ ممبران کے حصول کی کوشش کر رہی ہے۔

تاہم نالندہ یونیورسٹی میں اس وقت صورتحال واضح نہیں ہے کہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کون کرے گا اور نیا وائس چانسلر کون ہوگا؟

بھارتی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق نالندہ یونیورسٹی پراجیکٹ میں چین نے دس لاکھ امریکی ڈالرز، جاپان نے ایک لاکھ پچاسی ہزار ڈالرز، آسٹریلیا نے دس لاکھ آسٹریلوی ڈالرز، سنگا پور نے پینتیس لاکھ ڈالرز جبکہ تھائی لینڈ نے ایک لاکھ امریکی ڈالرز کے فنڈز دینے کا وعدہ کیا ہے۔

نالندہ یونیورسٹی کے لیے بھارتی حکومت نے فروری دو ہزار سولہ میں تین کروڑ ڈالرز کے فنڈز دینے کا اعلان کیا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *