ذہین طالبعلم امتحان کی تیاری کیسے کرتے ہیں؟

  • May 6, 2018 11:33 am PST
taleemizavia single page

سلیم انور عباسی

ہمارے ہاں طالب علموں کی اکثریت سارا سال تفریح میں گزار کر جب امتحانات کے موسم میں داخل ہوتی ہے تو ان کی حالت دیدنی ہوتی ہے۔ ایسے میں ان کے پاس ایک ہی نسخہ کیمیا رہ جاتا ہے اور وہ ہے رٹا بازی یا نقل جو ایک عفریت کی طرح ہمارے معاشرے میں یوں سرائیت کر گئی ہے کہ اب طالب علموں کو علم سے زیادہ ڈگری کی طلب ہوتی ہے۔

لیکن جو ذہین طالب علم ہوتے ہیں انہیں ایسی کوئی پریشانی لاحق نہیں ہوتی، وہ تعلیم کا حصول ڈگری کے لئے نہیں بلکہ علم و آگہی کے لئے کرتے ہیں۔ وہ اپنی نصابی کتب کے مطالعے کا شیڈول بناتے ہیں اور اس کے مطابق ہوم ورک اور امتحانات کی تیاری کرتے ہیں۔

امتحانات شروع ہونے کا انتظار نہیں کرتے بلکہ تمام نصابی کتب کے اہم اسباق اور متعلقہ سوالات کی تیاری پہلے سے شروع کر دیتے ہیں۔ وہ اس انتظار میں نہیں رہتے کہ امتحانات آئیں گے تو دیکھ لیں گے۔ اس طرح ان کے ذہنوں پر کسی قسم کا دبائو نہیں ہوتا، نہ انہیں یہ فکر لاحق ہوتی ہے کہ ناکامی کی صورت میں کیا ہو گا۔

ضرور پڑھیں؛ طالبعلم رٹا کی بجائے سبق کو کیسے ذہن نشین کریں؟

اگر آپ بھی اپنے فائنل امتحانات کی تیاری کر کے ذہین طالب علموں کی صف میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو آپ کے لئے کچھ کارآمد مشورے حاضر ہیں جن پر عمل کر کے آپ امتحانات میں کامیابی اور دبائو سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

امتحانات سے کچھ روز قبل تیاری کر لیجئے

اگر آپ کے امتحانات میں ایک ہفتہ باقی ہے تو اپنی کمر کس لیجئے اور آنے والے موضوع پر تیاری کا عمل شروع کیجئے اور صرف اس مضمون پر توجہ دیجئے جس کا امتحان متوقع ہے کیونکہ ساری معلومات آپ ایک ہی رات میں اپنے سر میں نہیں سما سکتے۔

اپنے مضامین کے روزمرہ شیڈول کو ترتیب دیجئے

اپنے مضامین کاشیڈول بنا کر ہر ایک کلاس کا روزمرہ کا میزانیہ اس طرح ترتیب دیجئے کہ ہر بار مضمون مکمل ہونے پر دوبارہ جائزہ لینے اور سمجھنے کے لئے مختصر وقت مل جائے۔ ہر ایک مضمون میں سے ان اسباق کو ترجیح دیجئے جن کے بارے میں آپ کو مکمل یقین ہو کہ ان کے سوالات، امتحانات میں متوقع ہیں۔ اس ضمن میں اساتذہ سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔

جانیئے؛ طلباء میں خود کُشی کرنے کا رجحان

ہر ایک مضمون کے اہم نکات نمایاں کیجئے

جب آپ مضامین کا شیڈول بناتے ہیں تو اگلا قدم ہر ایک مضمون جو آپ نصابی کتاب میں پڑھتے یا نوٹس لیتے ہیں، ان کی سمری لکھئے،جس میں ان نکات کو نمایاں کریں جو آپ کے لئے پریشانی کا باعث ہیں۔ انہیں سمجھنے اور یاد کرنے کے لئے اساتذہ کی مدد لیں۔ پھر اس مختصر سمری کو دوبارہ تحریر کریں، رٹا لگانے کے بجائے متن کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

فلیش کارڈز بنایئے

آئوٹ لائن کے ساتھ فلیش کارڈز بھی مطالعے کے لئے کارآمد تیکنیک ہے۔ آپ اہم سوالات کے فلیش کارڈ اس طرح بنا لیں کہ آپ کے پاس تاش کے پتوں کی مانند ایسے معلوماتی کارڈز موجود ہوں جنہیں چلتے پھرتے آرام سے پڑھ سکتے ہوں۔

لازمی پڑھیں؛ طلباء فیلو شپ کیسے حاصل کریں؟

دوسروں کی مدد لیجئے

اگر کوئی چیز یاد نہیں ہو رہی تو استاد سے مدد لے سکتے ہیں۔ دوستوں کا گروپ بنا کر کوئز شو کی مانند ایک دوسرے سے سوال پوچھ سکتے ہیں۔ اگر200الفاظ یاد کرنا مشکل ہو رہا ہے تو انڈیکس کارڈ بنا کر دوستوں کے گروپ میں اسپیک اینڈ اسپیل مقابلہ کر سکتے ہیں۔

خوب نیند لیجئے

امتحانات کا مقصد یہ نہیں کہ رت جگا کر کے اپنی نیند پوری نہ کریں اور سارا دن تھکے ماندے نظر آئیں۔ امتحانات آپ کے سوچنے کے لئے ڈیزائن کئے جاتے ہیں۔ نیند کی کمی میں آپ کوئی معلومات یاد نہیں رکھ پائیں گے ۔ آپ کے دماغ پر بوجھ رہے گا اس لئے امتحانات کے دنوں میں اپنا دماغ تروتازہ رکھنے کے لئے کم از کم سات گھنٹے نیند لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ کیمپس اسٹیبلشمنٹ اور طلباء

امتحانات سے قبل پرسکون رہئے

امتحانات کا بخار اپنے اوپر طاری نہ کیجئے ! امتحانات کا دبائو جتنا بھی ہو، آپ کے پریشان ہونے سے نتائج بدل نہیں سکتے تاہم آپ کی پریشانی آنے والے امتحانات کے لئے سم قاتل ہو سکتی ہے اس لئے ہر پچھلے امتحان کو بھول کر اگلے امتحان کی مکمل جوش و خروش سے تیاری شروع کیجئے۔

اپنے نوٹس کا دوبارہ مطالعہ کیجئے

اپنے اسباق کے نوٹس اس طرح پڑھئے جیسے امتحان دے رہے ہوں۔ ابتدائی معلومات سے تاریخ اور پس منظر تک جانیے۔ اہم ترین معلومات کو ہائی لائٹر سے نشان زد کیجئے۔ ایسی مختلف معلومات کے لئے مختلف رنگوں کے ہائی لائٹر استعمال کریں۔

جانیئے؛ طلباء مایوس ذہن سے کیسے چھٹکارا حاصل کریں؟

اپنے نصاب کا جائزہ لیجئے

اپنے نصاب کے نوٹس پر ایک بار پرسکون نظر ڈالئے۔ جہاں ضرورت پڑے اصل سبق کا صفحہ نمبر لکھئے اور ضروری جانیں تو اہم سوالات کے جوابات نصابی کتب میں بھی ہائی لائٹ کریں۔ دلچسپی پیدا کرنے کے لئے چاہیں تو دل یا کارٹون کے سمبل ، تاریخ کی علامات بھی لگا سکتے ہیں۔

نصاب میں سے اہم موضوعات اور مضامین اپنی نوٹ بک پر لکھئے

موجودہ گزشتہ برس کے امتحانی پرچوں کے رجحان اور اساتذہ سے تبادلہ خیال کی روشنی میں اہم موضوعات و مضامین کو اپنی نوٹ بک میں اس طرح لکھیں کہ اصل مضمون کا صفحہ نمبر، سمری اور آئوٹ لائن درج ہو۔

امتحان کے دو گھنٹے پہلے پرسکون ہو کر بیٹھ جایئے

سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ رات کی اچھی نیند اور امتحان شروع ہونے سے دو گھنٹے پرسکون بیٹھنا بہترین نتائج کا حامل ہوتا ہے۔ اس ضمن میں اپنے فلیش کارڈز کو ایک نظر ورق گردانی کرتے ہوئے دیکھنا کافی ہو گا۔ اس کے بعد پرسکون ہو کر بیٹھ جایئے اور دماغ کو خیالات کی آبیاری کے لئے کھلا چھوڑ دیں۔

یہ پڑھیں؛ نالائق طالبعلم اور سنتالیس تعلیمی سزائیں

یہ وہ سنہری نکات ہیں جو ذہین طالب علم اپنا اسمارٹ لائف اسٹائل بنا لیتے ہیں ۔اس طرح وہ امتحانات کا دبائو قبول نہیں کرتے۔ آپ بھی چاہیں تو ایسے ذہین طالب علموں میں شمار ہو کر ملک و قوم اور ماں باپ کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ یاد رکھئے! کامیابی کا راستہ آسان نہیں ہوتا۔ وہ کچھ مستقل مزاجی، کچھ دلچسپی مانگتا ہے۔ اس دنیا پر عظیم لوگوں کی حکمرانی رہی جن کے خیالات عظیم تھے۔

اگر آپ بھی دنیا میں اپنے آپ کو کامیابی کے راستے پر ڈالنا چاہتے ہیں تو اپنے من کی دنیا کو روشن کریں کہ بقول حضرت دائود علیہ السلام :’’من جو سوچتا ہے وہی آدمی ہوتا ہے ۔‘‘ یہی بات شیکسپیئر نے کہی :’’کوئی اچھا، برا نہیں ہوتا ماسوا سوچ جو اسے اچھا، برا بناتی ہے!‘‘ اب یہ آپ کی سوچ پر منحصر ہے کہ آپ کیسے طالب علم بننا چاہتے ہیں ذہین و فطین، منفرد یا اختراع ساز یا تقلید گر، پیروکار!؟


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *