فیصل آباد تعلیمی بورڈ: 740 سکولوں کے طلباء کی رجسٹریشن بلاک

  • April 18, 2017 4:26 pm PST
taleemizavia single page

فیصل آباد: جہانگیر اشرف

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے شہر کے 740 سرکاری و نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن بلاک کر دی ہے اور ان سکولوں کی فیسیں واجب الادا ہونے کی بناء پر رجسٹریشن روکی گئی ہے ۔

فیصل آباد کے تعلیمی بورڈ کی طرف سے 2010ء میں میٹرک سند کی فیس 500 روپے مقرر کی گئی تھی لیکن اکثر سرکاری اور نجی سکولز کی طرف سے طلبہ کی فیسیں ادا کیے بغیر ہی اسناد طلبہ میں تقسیم کردی گئی تھیں۔ جس پر تعلیمی بورڈ فیصل آباد نے 740 ڈیفالٹر سرکاری اور نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت بلاک کردی۔

ان سکولز کے ذمہ میٹرک اسناد کی فیسیں واجب الادا ہیں۔ بورڈ حکام کے مطابق یہ سکولز فیسیں کلیئر کرانے تک اپنے طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن نہیں کراسکتے۔ تعلیمی بورڈ نے ان سکولز کو 2010، 2011 اور 2012 کی اسناد فیسیں جمع نہ کروانے پر بلاک کیا۔

بورڈ حکام نے بلا امتیاز کارروائی کرتے ہوئے نجی سکولوں کے ساتھ سرکاری سکولوں کی رجسٹریشن بھی بند کی ہے جس کی وجہ سے سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز پریشانی کا شکار ہیں۔ سرکاری سکولوں کے سربراہان نے اس معاملے پر سیکرٹری سکولز پنجاب کے ساتھ بھی رابط کیا ہے۔

سرکاری سکولز کے ہیڈ ماسٹرز کا موقف ہے کہ جن طلباء کی فیسیں واجب الادا ہیں وہ اسناد لے کر جا چکے ہیں اب اُن سے بقایا جات وصول کرنا ممکن نہیں ہے لہذا فیصل آباد بورڈ یہ رقم معاف کر دے۔ ہیڈ ماسٹرز کے مطابق سکول میں زیر تعلیم بچوں کا داخلہ رُک جانے سے ان کے تعلیمی سال ضائع ہوسکتے ہیں۔

فیصل آباد بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی سکولوں کی فہرست کے مطابق فیسوں کی مد میں سکولوں نے 7 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *