سندھ :7 تعلیمی بورڈز میں کنٹرولرز، سیکرٹری کیلئے491 اُمیدوار

  • November 20, 2017 11:35 am PST
taleemizavia single page

کراچی: سید محمد عسکری

سندھ کے سات تعلیمی بورڈز کے ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کے عہدوں کے لئے وزیراعلیٰ ہائوس کو مجموعی طور پر 491 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ درخواستیں ناظم امتحانات کے عہدے کے لئے موصول ہوئی ہیں جن کی تعداد 267ہے جبکہ سیکرٹریز کے عہدے کیلئے 224درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

سندھ کے سات تعلیمی بورڈز جن کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں ان میں میٹرک بورڈ کراچی، انٹر بورڈ کراچی، حیدرآباد تعلیمی بورڈ، میرپورخاص تعلیمی بورڈ، نوابشاہ تعلیمی بورڈ، سکھر تعلیمی بورڈ اور لاڑکانہ تعلیمی بورڈ شامل ہیں جبکہ ٹیکنیکل بوڑڈکو شامل نہیں کیا گیا ۔

اُمیدواروں کی بڑی تعداد نے ان سات تعلیمی بورڈز میں دونوں عہدوں کے لئے درخواستیں دی ہیں جن میں موجودہ قائم مقام ناظم امتحانات اور قائم مقام سیکرٹریز کے علاوہ سابق ناظم امتحانات اور سیکرٹریز بھی شامل ہیں۔ ان بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کے عہدے گزشتہ ڈھائی برس سے خالی پڑے ہیں۔

سابق سیکرٹری بورڈز و جامعات ڈاکٹر اقبال درانی نے تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکرٹیرز کے تقرر کے لئے اشتہار بھی دیا تھا، ابھی وہ اُمیدواروں کی اسکروٹنی کر رہے تھے کہ ڈائو میڈیکل یونیورسٹی میں ڈاکٹر سعید قریشی کو میرٹ پر وائس چانسلر مقر رکرنے کا معاملہ انہیں لے ڈوبا اور وہ ہٹا دیئے گئے۔

ان کے بعد نوید شیخ نے درخواستوں کو ہاتھ لگانا تک گوارا نہیں کیا اور سندھ میں دو مرتبہ بغیر ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کے امتحانات ہوئے جس میں نہ صرف پرچے آئوٹ ہوتے رہے بلکہ نقل بھی خوب ہوئی، تاہم نوید شیخ کی رُخصتی کے بعد اب نئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری تعلیمی بورڈز و جامعات محمد حسین سید نے پرانی ہونے کے باعث دوبارہ درخواستیں طلب کی تھیں لیکن نامعلوم وجوہ کی بناء پر سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کو نظرانداز کر دیا گیا۔

حالانکہ ٹیکنیکل بورڈ میں تین سال سے نہ تو مستقل ناظم امتحانات ہے نہ ہی سیکرٹری مگر اس کے باوجود ٹیکنیکل بورڈ کے لئے اشتہار نہیں دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاوس کے ڈپٹی سکریٹری کے مطابق تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سکریٹریز کی بھرتیاں تلاش کمیٹی ہی کرے گی البتہ ماہرین کے طور پر جامعات یا بورڈز کے سابق ناظم امتحانات کو بطور رکن شامل کیا جا سکتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *