بی زیڈ یو لاہور کے 4 سو طلباء سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ

  • March 24, 2017 2:11 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لاہور میں کھولے گئے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کیمپس کے 402 طلباء وطالبات کو تین سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ کر دیا گیا ہے اور جن طلباء کو شفٹ کیا گیا ہے ان کی فہرستیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے بی زیڈ یو لاہور کیمپس کے ڈاکٹر آف فزیو تھراپی کے ان طلباء کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، یونیورسٹی آف سرگودھا اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں شفٹ کیا ہے اور ان طلباء کے ناموں کی فہرستیں سول سیکرٹیریٹ لاہور میں آویزاں کر دی گئی ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کی ڈگریوں کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا جس پر اس کیمپس کے طلباء نے لاہور میں کئی ہفتوں تک احتجاجی مظاہرے بھی کیے۔

طلباء کے مظاہروں کے بعد وزیر تعلیم سید رضا علی گیلانی کی ہدایات پر کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی سفارشات پر ان طلباء کو مختلف سرکاری یونیورسٹیز میں شفٹ کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

ڈاکٹر آف فزیو تھراپی کے طلباء کو ان تین یونیورسٹیز میں شفٹ کرنے کے بعد ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر متعلقہ یونیورسٹیز کے ضوابط کے مطابق جوائن کریں، ان طلباء کو پندرہ دن کا وقت دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بی زیڈ یو لاہور کیمپس کو بند کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *