بل گیٹس کی کلین انرجی ریسرچ پر ایک ارب ڈالرز کی فنڈنگ

  • December 27, 2016 10:10 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے صاف توانائی کے ذرائع پر تحقیق کے لئے ایک ارب ڈالر مالیت کا فنڈ قائم کر دیا ہے۔ اس امر کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تاہم بل گیٹس کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی مالیت کی فنڈنگ ایک ایسی جہت میں فنڈنگ ہے جہاں پہلے ہی کئی کمپنیاں بریک تھرو انرجی وینچرز پر کام کر رہی ہیں۔

اس شعبے کے علاوہ کسی اور شعبے میں سرمایہ کاری یا فنڈنگ بل گیٹس کےلئے نسبتاً مشکل ٹاسک ہوتا۔

بل گیٹس نے اس حوالے سے رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے صاف توانائی کے شعبے میں فنڈنگ کی تصدیق کی اور کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم ان چیزوں کو تلاش کریں جنہیں ہم فراموش کر چکے ہیں یا انہیں تلاش ہی نہیں کر پائے۔

ہم اس معاملے کو بڑی کمپنیوں تک محدود کر چکے ہیں جبکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے حال ہی میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وینچر کپیٹل فرمز سال دو ہزار چھ سے سال دو ہزار گیارہ تک صاف توانائی کے شعبے میں پچیس بلین ڈالر خرچ کر چکی ہیں اور اس شعبے میں وہ اب تک تقریباً آدھی رقم کا نقصان بھی اٹھا چکی ہیں۔

بریک تھرو انرجی وینچرز نے اس حوالے سے پچپن شعبوں کی نشاندہی کی ہے جس میں بہترین مواقع موجود ہیں۔ جنہیں پانچ حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں بجلی، زراعت، مینوفیکچرنگ، ٹرانسپورٹ اور بلڈنگز شامل ہیں۔

یہ فنڈ نہ صرف امریکہ بلکہ ترقی پزیر ممالک میں توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سرمایہ کار کمپنیوں کو راغب کریگا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس فنڈ کے ذریعے گرین ہاؤس گیسز کے اخراج کو کم سے کم کرنے اور اس کے فوائد کو اجاگر کرنے کے لئے بھی کام کرے گا۔

اس حوالے سے سرمایہ کاری کا فیصلہ پروفیشنل افراد پر مشتمل ایک بورڈ کرے گا اور یہ سرمایہ کاری لاکھوں ڈالر کی ہو گی۔ اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے مقبول دو کمپنیاں ونود کھوسلہ کی کمپنی اور جون ڈیور کی کمپنی کو گیٹس کی جانب سے اعلان کردہ فنڈ کے بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ونود کھوسلہ کا کہنا تھا کہ اس شعبے میں مزید کام کرنے کے لئے حالیہ فنڈنگ نہایت اہم ہے اور اس کی مدد سے تحقیق کاروں کو سمارٹ ٹیکنالوجیز تیار کرنے میں بہت مدد ملے گی اور اس کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے لئے مزید مواقع بھی میسر آ سکیں گے۔

واضح رہے کہ پیرس معاہدے کے تحت امریکی حکومت نے پہلے ہی کلین ٹیک کے شعبے میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لئے چھ بلین ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کر رکھا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت یہ پروگرام روبہ عمل ہو سکے گا یا نہیں۔

گیٹس اور ان کے بورڈ ممبر اس امر سے آگاہ ہیں ۔ تاہم ان کا ماننا ہے کہ اگر سرمایہ کاری میں کمی نہ کی گئی تو اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے بلکہ اس کے معیشت پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور ہمارے خیال میں اس حوالے سے اس سے اچھی دلیل پیش نہیں کی جا سکتی۔


Leave a Reply to Dr. M. Saleem Cancel reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *