مدرسے کی انتظامیہ نے تمام طلبا کے موبائل فون جلا دیے

  • March 6, 2018 10:51 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

بنگلہ دیش کے ایک مدرسے میں طلباء کے موبائل جمع کرکے انہیں آگ لگا دی گئی۔ مدرسہ انتظامیہ نے اس حوالے سے کہا کہ موبائل فون طلبا کی تعلیم پر بری طرح سے اثر انداز ہو رہے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کے جنوب مغرب میں واقع دارالعلوم معین الاسلام نامی ایک مدرسے کی انتظامیہ نے اتوار کے روز طلبا سے اپنے موبائل فون انتظامیہ کے حوالے کرنے کا کہا۔ جب تمام طلبا نے اپنے موبائل فون انتظامیہ کے حوالے کر دیے تو تمام جمع کردہ موبائل فونز کو قریبی کھیت میں لے جا کر جلا دیا گیا۔

مدرسے کے ترجمان عزیز الحق نے خبر رساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طالب علم ساری رات انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ دن میں پڑھائی کے وقت اونگھ رہے ہوتے ہیں۔ اس حوالے سے کافی والدین نے اپنی شکایات درج کروائی ہیں۔

مدرسے کے ترجمان عزیز الحق نے یہ بھی کہا کہ مدرسہ ٹیکنالوجی کے خلاف نہیں ہے لیکن موبائل فون کے منفی اثرات اس کے مثبت اثرات سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مدرسے میں بہت بڑی تعداد میں ایسے خطوط موصول ہوتے ہیں جن میں موبائل فون سے متعلق فتویٰ معلوم کیا جاتا ہے۔

یہ مدرسہ ایک سو تئیس برس پرانا ہے اور اس میں تقریباً چودہ ہزار طلبا زیرِ تعلیم ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *