پنجاب: مڈل سرکاری سکولوں میں “کو ایجوکیشن” پر پاپندی عائد

  • May 17, 2018 12:35 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں میں مخلوط تعلیم کو ختم کرنے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے اس ضمن میں لاہور کے دو سرکاری سکولوں سے 450 طالبات کو سکول سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

گورنمنٹ مغلیہ پارک سکول شاہدرہ سے 250 طالبات اور گورنمنٹ اصلاح معاشرہ سکول شاہدرہ سے 200 طالبات کو سکول سے فارغ کیا گیا ہے۔ یہ طالبات لڑکوں کے ساتھ ہی سکول میں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم تھیں۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے مطابق پانچویں جماعت کے بعد مخلوط تعلیم پر پاپندی عائد کر دی گئی ہے اور محکمہ کے حکم پر ان دونوں سکولوں سے طالبات کو فارغ کیا گیا ہے۔ اتھارٹی کے سربراہ بشیر احمد گورائیہ کے مطابق سکول سے فارغ کی گئی طالبات کو متعلقہ جماعت کے سرٹیفکیٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ ان طالبات کو گرلز سکول میں داخلہ لینے میں پریشانی نہ ہو۔

دوسری جانب مذکورہ دونوں سکولز میں زیر تعلیم طالبات کے والدین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو طالبات کو دیگر سکولوں میں منتقل کرنے کا بندوبست کرنا چاہیے تھا اچانک سے سکول سے فارغ کرنے سے اُن کی پریشانی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ والدین کا موقف تھا کہ وہ اپنی بچیوں کو دور دراز کے سرکاری سکول میں نہیں بھیج سکتے۔

واضح رہے کہ لاہور میں شاہدرہ پسماندہ علاقہ تصور کیا جاتا ہے اور یہاں پر لڑکیوں کے سرکاری سکولز کی تعداد کم ہونے سے والدین کو بھی پریشانی و مشکلات کا سامنا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *