امریکی ایجوکیشن کونسل کی صدر نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا

  • January 4, 2017 1:07 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

امریکن کونسل آن ایجوکیشن کی صدر موئلی کاربٹ براڈ نے رواں سال اکتیس اکتوبر کو عہدہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ براڈ نے استعفیٰ کی وجوہات میں کچھ بھی نہیں لکھا۔

براڈ نے یہ عہدہ دو ہزار آٹھ میں سنبھالا تھا اور وہ امریکی ایجوکیشن کونسل کی بارہوویں صدر ہیں۔

براڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے سربراہان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ انتہائی شاندار رہا اور اس دوران وہ بے شمار چیلنجز اور پیچیدہ مسائل کو حل کرنے میں بھی کامیاب رہی ہیں۔

امریکی ایجوکیشن کونسل میں صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے وہ اُنیس سو ستانوے سے لے کر دو ہزار چھ تک یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا کی صدر تھیں۔ اور اُنیس سو اٹھارہ سے قائم ایجوکیشن کونسل کی وہ پہلی خاتون صدر ہیں۔

میڈیا بیان میں کونسل نے بتایا ہے کہ براڈ کے دور میں امریکہ کی پوسٹ سیکنڈری ایجوکیشن، کالجوں اور یونیورسٹیوں سے لیڈر شپ پیدا کرنے اور ٹیکنالوجی کے جدت پر مبنی آئیڈیاز کو متعارف کرایا گیا ہے۔ اس دور کی نمایاں کامیابی جی ای ڈی ٹیسٹنگ پروگرام نافذ کرنا ہے جس کی وجہ سے طالبعلموں کو کالجوں میں داخلوں کے لیے آسانی میسر آئی ہے۔

براڈ نے حالیہ دنوں میں پرائیویٹ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے صدور، چانسلرز کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل کانفرنس کرائی جس میں کالجوں کے معیار تعلیم میں بہتری پر تفصلی بحث کی گئی۔

امریکی ایجوکیشن کونسل کے صدر کے لیے اگلے متوقع اُمیدواروں میں جان جے۔ ڈیجوئیا ہیں جو کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئر اور جارج واشنگٹن یونیورسٹی کے صدر ہیں۔ تاہم صدر کے عہدے پر تعیناتی کے لیے کونسل کی جانب سے امریکی اخبارات میں اشتہارات دیے جائیں گے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *